سوہاوہ میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل سوہاوہ کے زیر اہتمام صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دفتر میں صدر پاکستان آصف علی زرداری جو طویل العمری کے سبب کمزوری اور دیگر صحت کے مسائل کا شکار ہیں اور ان دنوں کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں کی جلد صحت یابی کے لیے ایک خصوصی دعائیہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

تقریب میں پیپلز پارٹی ضلع جہلم اور تحصیل سوہاوہ کے جنرل سیکرٹری صاحبان سمیت دیرینہ کارکنان نے شرکت کی۔

دعائیہ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری اور سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25 مرزا عبدالغفار، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی تحصیل سوہاوہ شوکت علی، پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن خالد محمود جنجوعہ سمیت پارٹی کے متعدد عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔

اس موقع پر خصوصی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اپنے پیارے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے وسیلے سے تمام بیماروں کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور خصوصاً صدر پاکستان آصف علی زرداری کو جلد صحت یابی سے نوازے۔

اجلاس میں شرکاء نے یکجہتی اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان کی جلد صحت یابی کے لیے ہر ممکن دعا اور نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت کی صحت و سلامتی نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ ملک کے استحکام اور سیاسی استقامت کے لیے بھی ضروری ہے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے دعا میں ہاتھ بلند کیے اور صدر پاکستان کی مکمل صحت یابی کے لیے بارگاہِ الٰہی میں التجا کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button