مفت پلاٹ سکیم کی رجسٹریشن میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا، درخواست دہندگان خوار

سوہاوہ/پڑی درویزہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے متعارف کردہ تین مرلہ مفت پلاٹ اسکیم کے حوالے سے جہاں سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں، وہیں حقیقت میں درخواست دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست گزاروں نے شکایت کی ہے کہ نہ صرف آن لائن رجسٹریشن کا عمل پیچیدہ ہے بلکہ متعلقہ ویب پورٹل پر کوئی سادہ یا قابل فہم لنک بھی فراہم نہیں کیا گیا جس کے ذریعے عام شہری، بالخصوص دیہی علاقوں کے افراد، اپنی درخواستیں باآسانی جمع کرا سکیں۔

شکایات کے مطابق جب کمپیوٹر فائل آپریٹرز اور خواہشمند افراد اسکیم کی آفیشل ہیلپ لائن نمبر 99000000-042پر رہنمائی کے لیے کال کرتے ہیں، تو ان سے محض مطلوبہ ایکسٹنشن ملانے یا نمائندے کے انتظار کا کہا جاتا ہے، لیکن جواب موصول نہیں ہوتا۔ نتیجتاً عوام پریشان ہو کر مختلف دفاتر اور کمپیوٹر سنٹرز کے چکر لگا رہے ہیں۔

درخواست دہندگان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرزور اپیل کی ہے کہ اگر حکومت واقعی اس اسکیم کو کامیاب بنانا چاہتی ہے تو فوری طور پر آن لائن رجسٹریشن کے نظام کا جائزہ لیا جائے اور اسے "دھی رانی” یا "اپنی چھت اپنا گھر” جیسی اسکیموں کے آسان اور عوام دوست طریقہ کار کے تحت فعال بنایا جائے تاکہ ہر شہری اور دیہی علاقے کا فرد اپنی درخواست بغیر کسی پریشانی کے رجسٹر کروا سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ آگاہی اور رسائی کا ہے، جسے دور کیے بغیر اس فلاحی منصوبے کے اصل مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button