اسلام آباد ایئرپورٹ سے حج آپریشن کی تیاریاں مکمل، 29 اپریل سے پہلی حج پرواز روانہ ہوگی

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رواں سال کے حج آپریشن کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
چیف آپریٹنگ آفیسر اسلام آباد ایئرپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 90 ہزار عازمین حج اسلام آباد ایئرپورٹ سے سفر کریں گے، جن میں روانگی (Departure) اور واپسی (Arrival) دونوں شامل ہیں۔
ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ اس سال اسلام آباد ایئرپورٹ سے 45 ہزار سے زائد عازمین حج براہِ راست حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر عازمین کی سہولت کے لیے "روڈ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت 30 ہزار سے زائد مسافروں کو امیگریشن کی سہولت پاکستان میں ہی فراہم کی جائے گی۔
"روڈ ٹو مکہ” کاؤنٹرز جلد اسلام آباد ایئرپورٹ پر قائم کر دیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو سعودی عرب میں امیگریشن کی طویل قطاروں سے نجات حاصل ہو گی کیونکہ امیگریشن کا عمل اسلام آباد میں ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ سہولت فی الحال اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر دستیاب ہو گی۔
پی آئی اے کے حج فلائٹ آپریشن کا آغاز 29 اپریل سے ہو گا، جو یکم جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران قومی ایئرلائن سے مجموعی طور پر 56 ہزار عازمین حج سفر کریں گے، جن میں 36 ہزار نجی حج کوٹہ اور 20 ہزار سرکاری حج کوٹہ کے تحت شامل ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود حکام کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے مقدس سفر کا آغاز سکون اور آسانی سے کر سکیں۔



