بھارت کی بزدلانہ حرکت پر افواجِ پاکستان کا منہ توڑ جواب قابلِ تحسین ہے، حاجی زاہد حسین

جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے ایک بار پھر ماضی کی طرح رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملے کی کوشش کی، مگر افواجِ پاکستان نے نہ صرف اس سازش کو ناکام بنایا بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے چپکے سے وار کرنے کی پرانی روش کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کی، لیکن اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اور 24 کروڑ پاکستانی عوام کی دعاؤں کے طفیل ہماری دلیر اور مستعد افواج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ اس جرات مندانہ کارکردگی پر پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔
حاجی زاہد حسین نے مزید کہا کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان نہ صرف ایک ایٹمی طاقت ہے بلکہ ایک باوقار قوم بھی ہے جو اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جتنے بھی حربے استعمال کر لے، وہ ہمارے عزم، اتحاد اور دفاعی صلاحیتوں کے سامنے کامیاب نہیں ہو سکتا۔
صدر چیمبر آف کامرس نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، یگانگت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی سلامتی کے لیے دعا گو رہے اور افواجِ پاکستان کا بھرپور ساتھ دے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔



