جہلم: ملٹری کالج انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کمپیوٹر ایپلیکیشنز کورس کی کامیاب تکمیل

جہلم: ملٹری کالج انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (MCIIT) میں سرٹیفکیٹ ان کمپیوٹر ایپلیکیشنز (CCA) کورس بیچ 58 کا کامیابی سے اختتام ہو گیا۔
یہ کورس یکم جنوری 2025 سے 29 مارچ 2025 تک جاری رہا، جس میں طلباء کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دی گئی۔
اختتامی تقریب میں ادارے کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر عمران صدیق، لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر اظہر اقبال، کرنل ڈاکٹر صبور احمد، دیگر افسران، انسٹرکٹرز اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر کورس کی تکمیل پر طلباء کو سرٹیفکیٹس دیے گئے جبکہ ایک یادگار گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔
کورس کا مقصد نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں موجودہ ڈیجیٹل دنیا میں مؤثر کردار کے لیے تیار کرنا تھا۔ کورس کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علم محمد شہزاد طارق سکنہ کالا دیو جہلم نے خصوصی سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔ محمد شہزاد زکوٰۃ کمیٹی کے سابق چیئرمین چوہدری محمد صدیق مرحوم کے پوتے ہیں، جنہوں نے اپنی محنت سے نہ صرف ادارے کا بلکہ اپنے خاندان اور علاقے کا بھی نام روشن کیا۔
اس کامیابی پر ان کے اہل خانہ نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا جبکہ سینئر صحافی اور رپورٹر راجہ عثمان علی نے بھی محمد شہزاد کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے شاندار مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
محمد شہزاد کی یہ کامیابی نہ صرف تعلیمی میدان میں ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ یہ ثابت کرتی ہے کہ نوجوان اگر عزم اور لگن کے ساتھ آگے بڑھیں تو وہ ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔



