جہلم میں انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور سست رفتاری، صارفین شدید پریشان

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور سپیڈ میں مسلسل کمی نے کاروباری سرگرمیوں، سرکاری و نجی دفاتر، اور عام صارفین کی زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ انٹرنیٹ کی ناقص سروس کی وجہ سے صارفین نہ صرف ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں بلکہ مالی نقصان کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔
پی ٹی سی ایل کی ڈی ایس ایل سروس اور موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کی انٹرنیٹ سپیڈ اس حد تک سست ہو چکی ہے کہ صارفین نے اپنے ڈی ایس ایل کنکشن منقطع کروانا شروع کر دیے ہیں۔ دفاتر میں آن لائن کام، بینکنگ سسٹمز، ای میلز اور دیگر ڈیجیٹل سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ طلباء و طالبات کی آن لائن تعلیم اور فری لانسرز کے روزگار بھی شدید متاثر ہو چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے انٹرنیٹ بل ادا کر رہے ہیں، مگر سہولت ملنے کے بجائے سروس دن بدن مزید خراب ہو رہی ہے۔ بعض علاقوں میں کئی گھنٹوں تک انٹرنیٹ مکمل طور پر بند رہتا ہے۔
شہریوں، فری لانسرز، طلباء اور کاروباری حلقوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں، پی ٹی سی ایل اور موبائل کمپنیوں سے جواب طلب کیا جائے اور انٹرنیٹ سروس کو فوری بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کی روزمرہ زندگی اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔



