کوہاٹ مسجد میں دہشت گرد حملہ افسوسناک ہے، شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی ہے، راجہ محمد اویس خالد

پڑی درویزہ: سابق ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 24 اور صوبائی پارلیمانی سیکریٹری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سوہاوہ راجہ محمد اویس خالد نے کوہاٹ پولیس لائن کے قریب مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک اخباری بیان میں راجہ محمد اویس خالد نے دہشت گرد حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں اور ان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
راجہ محمد اویس خالد نے دہشت گردی کے واقعے کے دوران پاک فوج کی جانب سے بروقت موقع پر پہنچ کر کارروائی کرنے اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر ایکشن لینے کو سراہا۔ انہوں نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کیے جانے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے افواجِ پاکستان کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر فرائض انجام دینے والے سیکیورٹی اہلکار قوم کے لیے قابلِ احترام ہیں۔ ان کی قربانیاں ملک میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے دی جانے والی جدوجہد کا اہم حصہ ہیں۔
راجہ محمد اویس خالد نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔



