1996ء کے میٹرک کلاس فیلوز کی 29 سال بعد شاندار ملاقات، اساتذہ کو خراجِ تحسین

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی گاؤں بڑاگواہ میں ایک یادگار لمحہ اُس وقت رقم ہوا جب 1996 کے میٹرک کے کلاس فیلوز 29 سال بعد ایک ساتھ جمع ہوئے۔
اس خوشگوار موقع پر کھانے کی خصوصی دعوت کا اہتمام کیا گیا، جس میں نہ صرف تمام سابقہ کلاس فیلوز نے شرکت کی بلکہ اپنے قابلِ احترام اساتذہ کو بھی مدعو کر کے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس ملاقات میں شرکاء نے ایک دوسرے سے گلے مل کر پرانی یادیں تازہ کیں، خوش گپیاں کیں اور ماضی کی خوبصورت لمحوں کو یاد کرتے ہوئے خوب ہلہ گلہ کیا۔ اساتذہ کرام کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور شاندار الفاظ میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کرام نے کہا کہ معاشرے میں والدین اور اساتذہ دو ایسے رشتے ہیں جو بچوں کی تربیت اور تعلیم میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ والدین گھر میں پروش کرتے ہیں جبکہ استاد تعلیمی ادارے میں تربیت فراہم کرتا ہے۔ آج یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہمارے تعلیم یافتہ شاگردوں نے نہ صرف ایک دوسرے کو یاد رکھا بلکہ ہمیں بھی عزت و احترام سے یاد کیا، جو ان کے والدین اور اساتذہ کی بہترین تربیت کا ثبوت ہے۔
یہ تقریب نہ صرف محبت اور احترام کا مظہر تھی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ اساتذہ کا مقام ہمیشہ بلند رہتا ہے اور پرانی دوستیوں کو وقت کے ساتھ مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔



