نجی سکول سے بورنگ سسٹم چوری، پانی کی فراہمی معطل، طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات کا سامنا

پنڈدادنخان: کھیوڑہ شہر میں چوری کی ایک انوکھی اور افسوسناک واردات سامنے آئی ہے، جہاں چوروں نے "سٹار کڈز ہائی سکول” نامی نجی تعلیمی ادارے سے زیر زمین پانی نکالنے کا مکمل بورنگ سسٹم ہی چرا لیا۔

جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں پیش آنے والی واردات رات کی تاریکی میں نہایت مہارت سے انجام دی گئی، جس میں چور سکول کی حدود میں داخل ہوئے اور بورنگ مشین، موٹر، پائپنگ اور دیگر متعلقہ آلات اتار کر لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔

اس واردات کے باعث سکول میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے، جس سے طلبہ، اساتذہ اور دیگر اسٹاف کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد بھی ممکن نہیں رہا۔

واقعے کے بعد سکول انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر مقامی تھانے نے نوٹس لیتے ہوئے چوری کی واردات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

شہری حلقوں نے اس عجیب و غریب واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سکول کی چوری شدہ املاک برآمد کی جائیں، تاکہ تعلیمی سلسلہ بحال ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button