نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے بھر پور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کیا جو ضلع جہلم کے نوجوان کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈویژن اور صوبائی سطح پر مختلف کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو تعریفی شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔
ڈی سی میثم عباس نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، اور حکومت پنجاب ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔
اس موقع پر جہلم ہاکی ٹیم کو آل پنجاب بابا گرو نانک ہاکی چیمپئن شپ جیتنے پر خصوصی مبارکباد دی گئی۔ بیڈمنٹن کے میدان میں بھی جہلم کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قائداعظم بین الصوبائی گیمز 2024 میں گولڈ میڈل، ایشیا ریجنل جونیئر چیمپئن شپ 2024 میں چاندی کا تمغہ، پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2023 میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور سرپرستی پر حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔



