خدمتِ خلق انسانیت کی معراج ہے، دکھی دلوں کا سہارا بننا عبادت سے کم نہیں۔ چوہدری فرحت کمال ضیاء

جہلم: معروف قانون دان و سماجی رہنما چوہدری فرحت کمال ضیاء نے کہا ہے کہ خدمت خلق سے جو قلبی و ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے، وہ کسی اور عمل میں ممکن نہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت دراصل اللہ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، اور ہمیں معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فرحت کمال ضیاء کا کہنا تھا کہ ہمیں دوسروں کے عیب تلاش کرنے کے بجائے مظلوموں، ضرورت مندوں، طلباء اور عام افراد کی مدد کا جذبہ اپنانا چاہیے۔ حالات اور مہنگائی نے جس طرح عوام کو متاثر کیا ہے، ان کی دلجوئی اور دادرسی کرنا ہم سب کا اخلاقی و معاشرتی فریضہ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ صرف مالی امداد ہی انسان دوستی کی علامت نہیں بلکہ اگر ہم کسی کی مالی مدد کرنے سے قاصر ہوں تو چند ہمدردانہ اور میٹھے بول بھی دکھی دل کو سکون دے سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے اردگرد بسنے والے لوگوں کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے ساتھ ہمدردی برتنے کی ضرورت ہے۔
چوہدری فرحت کمال ضیاء نے کہا کہ ایسے چھوٹے چھوٹے مثبت اقدامات ہی ہیں جو معاشرے میں بہت بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں، اہلِ ثروت اور سماجی طبقات سے اپیل کی کہ وہ خدمتِ خلق کو اپنی زندگی کا مشن بنائیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ دنیا عارضی ہے، اصل کامیابی ان لوگوں کے لیے ہے جو دوسروں کی زندگی آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ آیئے ہم سب مل کر انسانیت کی بھلائی کے لیے قدم بڑھائیں۔



