جہلم شہر کی خوبصورتی کے لیے سڑکوں کنارے ٹف ٹائل اور شجرکاری کا آغاز

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے سول لائن پر جاری ٹف ٹائل منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نہ صرف عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے بلکہ شہر کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سول لائن سمیت شہر کی تمام اہم شاہراہوں کے اطراف میں صفائی کے بعد ٹف ٹائل لگائی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ شجرکاری کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار اور صحت بخش ماحول میسر آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا مقصد شہری سہولت کے ساتھ ساتھ ماحول دوست ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے کام میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے اور تمام امور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم اور صفائی کے عمل میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ شہر کی خوبصورتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



