بلال اظہر کیانی کا دورہ دینہ، محرم الحرام اور لائسنسنگ سنٹر کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

دینہ: وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے دینہ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں امن و امان اور سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی امام بارگاہ قلعہ روہتاس اور چک عبدالخالق کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے جلوسوں اور مجالس کے روٹس، سیکیورٹی پلان، اور دیگر بنیادی سہولیات کے انتظامات کا بغور مشاہدہ کیا اور مقامی منتظمین سے ملاقات کر کے براہ راست بریفنگ حاصل کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران کیے گئے اقدامات پر بھی وزیر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام انتظامی و سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالمسلک معاشرہ ہے، جہاں تمام مکاتب فکر کو اپنے عقائد کے مطابق عبادت کی مکمل آزادی حاصل ہے، اور حکومت اس آزادی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے دینہ جی ٹی روڈ پر قائم ہونے والے نئے ٹریفک لائسنس سنٹر کا بھی افتتاحی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، ڈپٹی کمشنر میثم عباس، سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ وزیر کے سنٹر پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔

نئے قائم ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس سنٹر میں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے عملے سے ملاقات کی اور فراہم کی گئی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سنٹر شہریوں کو آسان، شفاف اور جلد ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے ٹریفک کے نظم و ضبط میں بہتری آئے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سنٹر کا قیام عوامی سہولت، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس جیسے اقدامات عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے اور اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر مسلم لیگی رہنماؤں راجہ لیاقت علی، میاں سجاد، میاں عتیق اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ دورہ عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button