پنڈدادنخان میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی، ماں کے بعد بیٹا بھی دم توڑ گیا

پنڈدادنخان کے محلہ کوٹ کلاں میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی سے زخمی ہونے والا نوجوان بھی دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے محلہ کوٹ کلاں میں گیس لیکج کے باعث گھر میں لگنے والی آگ سے جھلسنے والا نوجوان ایڈووکیٹ محمد محسن گوندل بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں ان کی والدہ پہلے ہی دم توڑ گئی تھیں۔ ماں بیٹے کی المناک وفات پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔
گزشتہ روز محلہ کوٹ کلاں میں ایک گھر کے کچن میں ناشتے کی تیاری کے لیے آگ جلائی گئی تو ایل پی جی گیس کی لیکج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت کے باعث 63 سالہ خاتون اور ان کے 33 سالہ بیٹے ایڈووکیٹ محمد محسن گوندل بری طرح جھلس گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور متاثرین کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا۔ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکیں جبکہ ان کے بیٹے محمد محسن گوندل کا جسم 90 فیصد سے زائد جھلس چکا تھا۔ ان کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر انہیں مزید علاج کے لیے راولپنڈی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
ماں کے بعد بیٹے کی وفات کی خبر سے اہلِ علاقہ اور عزیز و اقارب غم میں ڈوب گئے۔ مرحوم ایڈووکیٹ محمد محسن گوندل کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی، جس میں شہر کی سماجی، رفاہی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔



