سوشل میڈیا پر جعلی اشتہار سے ہزاروں نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش

پڑی درویزہ: پاکستان ایئر فورس میں "ایئر مین” کی بھرتی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک جعلی اردو اشتہار کی اشاعت نے ملک بھر کے ہزاروں نوجوانوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ مذکورہ اشتہار میں 2 جولائی سے 7 جولائی 2025ء تک "ایئر مین” کی آسامیوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا دعویٰ کیا گیا تھا، جسے بالآخر جعلی اور جھوٹا قرار دیا گیا۔

25 جون 2025ء سے سوشل میڈیا پر ایک اخباری انداز کا اردو اشتہار وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان ایئر فورس نوجوانوں کو "ایئر مین” کی پوسٹ کے لیے بھرتی کر رہی ہے۔ اشتہار اس حد تک پیشہ ورانہ انداز میں تیار کیا گیا کہ اس میں کسی قسم کا ابہام تک محسوس نہ ہوا، جس کے باعث ملک کے مختلف شہروں اور دیہاتوں سے نوجوان انٹرنیٹ فائل آپریٹرز اور رجسٹریشن سینٹرز پر پہنچنے لگے۔

تاہم 2 جولائی کو جب امیدواران نے پاکستان ایئر فورس کی سرکاری ویب سائٹ وزٹ کی تو معلوم ہوا کہ ایسی کوئی بھرتی نہ صرف موجود نہیں بلکہ ویب سائٹ پر اس حوالے سے کوئی معلومات تک فراہم نہیں کی گئی تھی۔ جب تحقیق کی گئی اور پی اے ایف کے آفیشل "ایئر مین انکوائری نمبر” 03239403849 پر رابطہ کیا گیا تو نمبر بند پایا گیا۔ بعد ازاں ایک میسج کے جواب میں تصدیق ہوئی کہ اردو زبان میں گردش کرنے والا اشتہار مکمل طور پر جعلی ہے۔

ادھر انگلش زبان میں شائع ہونے والا اصل اشتہار صرف کمیشن آفیسر کی بھرتی سے متعلق تھا، جس میں واضح طور پر آن لائن رجسٹریشن کا شیڈول درج تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی دسمبر 2023 اور جنوری 2024 میں اسی نوعیت کی جعلسازی کی گئی تھی، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم طریقے سے قومی دفاعی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔

اس صورتحال پر ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو قومی اداروں کے ساتھ اس نوعیت کی شرانگیزی کرنے کی جرأت نہ ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button