آئیسکو سب ڈویژن خانپور کے ڈھوڈہ فیڈر کے علاقوں میں 21 گھنٹے کا طویل بریک ڈاؤن، صارفین پریشان

پڑی درویزہ/ سوہاوہ : آئیسکو سب ڈویژن خانپور چکوال کے زیرانتظام ڈھوڈہ فیڈر سے منسلک علاقوں میں بجلی کی طویل بندش نے صارفین کی زندگی اجیرن بنا دی۔ 16 جولائی کو قبل از دوپہر تقریباً پونے پانچ گھنٹے کی بلاوجہ بجلی کی بندش کے بعد 17 جولائی کو شام سات بجے سے لے کر اگلے روز سہ پہر چار بج کر تیس منٹ تک یعنی مسلسل 21 گھنٹے 30 منٹ بجلی بند رہی۔

16 جولائی کی صبح سے ہی علاقے میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا اور مقامی پرنٹ میڈیا کی جانب سے متعدد بار ایس ڈی او خانپور سب ڈویژن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر کوئی جواب نہ مل سکا۔ ذرائع کے مطابق بار بار کالز کے باوجود ایس ڈی او کا موبائل فلائٹ موڈ پر پایا گیا، جس سے مقامی افراد کے مسائل مزید بڑھ گئے۔

شدید بارشوں کے دوران بجلی کی طویل بندش سے صارفین کو دہرے عذاب کا سامنا کرنا پڑا۔ روزمرہ کے معمولات مکمل طور پر درہم برہم ہو گئے، خاص طور پر کاروباری طبقہ اور عام گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار رہے۔

عوامی سماجی حلقوں نے اس غیرذمہ دارانہ رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آئیسکو اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ناقص کارکردگی پر ایس ڈی او کو "تمغہ حسن کارکردگی” دیا جانا چاہیے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر آئیسکو حکام نے اس مسئلے کا نوٹس نہ لیا تو مستقبل میں بھی صارفین کو ایسے اذیت ناک حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button