جہلم کے نوجوان کرکٹرز کیلئے خوشخبری! پی ایس ایل میں صلاحیتیں دکھانے کا سنہری موقع

جہلم: نوجوان کرکٹرز کے لیے خوشخبری! پاکستان سپر لیگ (PSL) جیسے بڑے پلیٹ فارم پر صلاحیتیں دکھانے کا سنہری موقع ضلع جہلم میں آ گیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 16 اور 17 اگست کو ضمیر جعفری کرکٹ اسٹیڈیم جہلم میں تاریخی کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ ایونٹ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کے ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ضلع کے نوجوانوں کو قومی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

ایونٹ کی کامیابی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم کے ہمراہ ضمیر جعفری کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گراؤنڈ کی تیاری، سیکیورٹی، میڈیکل سہولیات اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے تاکہ یہ ایونٹ نوجوانوں کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہو۔



