جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،فہمین علی

جہلم: طلبہ و طالبات ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، انہیں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نئی کمپیوٹر لیب اور سائنس لیب کے قیام سے تعلیمی سرگرمیوں میں طلبہ و طالبات کو بے حد آسانی میسر ہوگی۔
یہ بات فہمین علی بیگم چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ میں جدید ترین کمپیوٹر لیب اور کیمسٹری لیبز کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حماد رضا اعوان، پرنسپل کالج ڈاکٹر شاہد نذیر اور ضلع جہلم کی معروف سماجی تنظیم کیئر ٹیکرز کے انچارج شعبہ واٹر فلٹریشن اصغر مرزا بھی شریک تھے۔
افتتاح کے بعد فہمین علی نے کمپیوٹر لیب اور سائنس لیب کا دورہ کیا جہاں پرنسپل کالج نے انہیں طلبہ و طالبات کے لیے نئی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر فلاحی تنظیموں کی جانب سے کالج میں جاری مختلف پروجیکٹس پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
فہمین علی نے کالج انتظامیہ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپل کالج نے فہمین علی اور ڈاکٹر علی رضا چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔



