جہلم میں سرکاری آٹے کے ناقص معیار پر شہری اور دکاندار سراپا احتجاج

جہلم: حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع جہلم سمیت دیگر شہروں میں سرکاری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دکانداروں پر سختی کی جا رہی ہے، تاہم دکانداروں اور عوام نے سرکاری آٹے کے معیار پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کے احکامات کے مطابق مقررہ فلور ملز سے سرکاری آٹا خرید کر فروخت کر رہے ہیں لیکن یہ آٹا انتہائی ناقص معیار کا ہے جو نہ پکانے کے قابل ہے اور نہ کھانے کے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ اس آٹے کے استعمال سے معدہ اور آنتوں کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف محکمہ فوڈ کے اہلکار روزانہ دکانوں پر سرکاری آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہیں لیکن ناقص معیار پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔
شہریوں اور دکانداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری آٹے کے معیار کا فوری نوٹس لیں اور انتظامیہ کو ہدایت کریں کہ عوام کو معیاری اور صحت مند آٹا سرکاری نرخوں پر فراہم کیا جائے تاکہ لوگ مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔



