شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کی چھٹی برسی، پولیس افسران کی شرکت اور سلامی پیش

پنڈدادنخان: شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کی چھٹی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان، ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف سمیت دیگر پولیس افسران و جوانوں نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔
یاد رہے کہ سب انسپکٹر محمد ارشد چھ سال قبل ضلع راولپنڈی میں ڈیوٹی کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ "شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جنہوں نے بہادری اور شجاعت کی داستانیں رقم کر کے ہمیشہ کے لیے امر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا، اور شہداء کی فیملیز اور بچے انہیں اپنی فیملی اور بچوں کی طرح عزیز ہیں۔



