فورپوٹھی بھاٹی کے مقام پر بارش کے باعث لینڈسلائیڈنگ، راستہ بند، طلبہ و مسافر شدید مشکلات کا شکار

سوہاوہ کے نواحی علاقے فورپوٹھی بھاٹی کے مقام پر بارش کے باعث لینڈسلائیڈنگ، راستہ بند ہونے سے طلباء اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز جہلم کی تحصیل سوہاوہ، ڈومیلی اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث فورپوٹھی کے قریب بھاٹی کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا، جس سے طلبہ و مسافر شدید مشکلات کا سامنا کر گئے۔
سکول کی بس واپسی کے دوران کیچڑ میں پھنس گئی اور پھسلن کے باعث بس کھائی میں گرنے کے قریب تھی، مگر طلبہ بال بال محفوظ رہے۔ اس دوران مسافر گاڑیاں بھی لینڈسلائیڈنگ کے باعث پھنسی رہیں، اور متاثرہ افراد کو تین سے چار کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھروں تک جانا پڑا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پچھلی بارشوں کے دوران بھی یہی لینڈسلاٸیڈنگ کی صورتحال پیش آئی تھی، تاہم انتظامیہ نے ابھی تک سڑک کو مکمل کلیئر نہیں کیا۔
علاقہ مکینوں نے ڈی سی جہلم اور اے سی سوہاوہ سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لے کر سڑک کو مکمل کلیئر کرایا جائے تاکہ طلبہ اور مسافروں کو آئندہ مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



