خواتین کی تعلیم محفوظ اور خوشحال نسلوں کی بنیاد ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم محفوظ اور خوشحال نسلوں کی بنیاد ہے۔ پنجاب حکومت طالبات کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی طالبات کی حوصلہ افزائی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے گورنمنٹ کالج فار ویمن کچہری جہلم کا دورہ کیا اور راولپنڈی بورڈ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ ایک شاندار تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہونہار طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی محنت و کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حماد رضا اعوان نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کالج انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا جن کی محنت سے طالبات نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
تقریب کے اختتام پر کالج کی پرنسپل نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔



