ضلع جہلم کا ایک اور بہادر سپوت پاک فوج کا جوان مادر وطن پر قربان ہو گیا

پنڈدادنخان: ضلع جہلم کا ایک اور بہادر سپوت پاک فوج کا جوان مادر وطن پر قربان ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کا ایک اور بہادر سپوت وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے جوان سپاہی طیب رمضان نے افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی بلااشتعال فائرنگ کے دوران وطن کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال حملہ کیا، جس کے جواب میں پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔
جوابی کارروائی میں 200 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دشمن کی متعدد چوکیوں اور پوزیشنز پر قبضہ کر لیا گیا۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 23 سپوت شہید ہوئے جن میں جہلم کا جوان طیب رمضان بھی شامل ہے جبکہ 29 جوان زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستانی افواج نے شہریوں کے تحفظ اور غیر ضروری نقصان سے بچنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ شہید طیب رمضان جیسے جانبازوں کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاک فوج ہر قیمت پر مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔
ضلع جہلم کے شہریوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "یہ دھرتی ایسے بیٹوں پر فخر کرتی ہے جو اپنے لہو سے وطن کے امن کی فصل سیراب کرتے ہیں”۔



