جہلم میں منشیات کیس کا فیصلہ، جرم ثابت ہونے پر مجرم کو قید اور جرمانے کی سزا

جہلم: منشیات فروشی کے مقدمے میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم ارشد محمود کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق منشیات کے مقدمہ نمبر 265/24 بجرم CNSA 9(II)4 تھانہ سٹی جہلم کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ مجرم ارشد محمود نے منشیات فروشی کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔ مجرم کو سال 2024 میں جہلم پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق مجرم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا، ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا گیا اور مقدمہ کی مؤثر پیروی کی گئی، جس کے نتیجے میں عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کیس میں بہترین کارکردگی دکھانے پر انوسٹیگیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی اور ان کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔



