سوہاوہ کے علاقے سلہال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند گلیوں سے ملبہ تاحال نہ ہٹایا جا سکا

سوہاوہ کے علاقے سلہال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند گلیوں سے ملبہ تاحال نہ ہٹایا جا سکا، شہریوں کو شدید مشکلات کر سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طوفانی بارشوں کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود یونین کونسل نگیال کے گاؤں سلہال میں لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی گلیاں ابھی تک ملبے سے صاف نہ کی جا سکیں۔ بند گلیوں کے باعث مقامی افراد، طلبہ و طالبات اور نمازیوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ طوفانی بارشوں کے دوران سلہال گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد گلیاں بند ہو گئیں تھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے واقعے کے بعد موقع کا دورہ کر کے گلیوں کو کلیئر کرنے اور راستے بحال کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم دو ماہ گزر جانے کے باوجود ملبہ تاحال نہیں ہٹایا گیا۔
اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور سلہال گاؤں کی تمام بند گلیوں سے ملبہ اٹھا کر راستے مکمل بحال کروائیں تاکہ مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔



