پولیس کی بڑی کارروائی، اکرم گینگ کے 3 ملزمان گرفتار، نقدی اور گاڑی برآمد

پنڈدادنخان: تھانہ للِہ پولیس نے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث اکرم گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ للِہ اور پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث اکرم گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے نقدی 1 لاکھ 20 ہزار روپے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جنہیں جلد عدالت میں چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔



