سوہاوہ میں زمین کے تنازعہ پر خواتین پر تشدد کرنے والے تین ملزمان گرفتار

سوہاوہ میں زمین کے تنازعہ پر خواتین پر تشدد کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سوہاوہ کی حدود میں زمین کے تنازعے کے دوران خواتین پر ڈنڈوں سے تشدد کرنے اور زخمی کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعہ چار روز قبل جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے جھنڈا میرا میں پیش آیا تھا جس میں خاتون اور اس کی رشتہ دار خواتین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مخالفین ٹریکٹر اور دیگر افراد کے ہمراہ خواتین کی زمین پر قبضہ کرنے کی نیت سے داخل ہوئے۔ خواتین نے مزاحمت اور وجہ پوچھنے کی کوشش کی تو ملزمان نے کلہاڑیوں کے دستے اور ڈنڈوں سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ زخمی ہوگئیں۔ زخمی خواتین کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ محمد عمران اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تین نامزد ملزمان کو قلیل وقت میں گرفتار کرلیا جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا جائے گا اور انہیں سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی پہلی ترجیح ہے، اور انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا۔



