جہلم میں سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان 4 مقابلے، ایک منشیات فروش ہلاک، تین زخمی

13
جہلم میں سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان چار مختلف مقامات پر مبینہ مقابلے میں ایک منشیات فروش ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق جہلم کے مختلف علاقوں میں سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان چار مختلف مقامات پر مبینہ مقابلوں کے دوران ایک منشیات فروش ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق معراج پور بیلی میں چھاپے کے دوران فہیم عرف شکرا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ دیگر مقابلے لالا زار کالونی اور ڈھوک راجگان میں ہوئے، جہاں دو ملزمان ملک فرحان اور حفیظ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔
اسی طرح سوا سیداں میں مقابلے کے دوران منشیات فروش افتخار احمد بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سی سی ڈی نے مقدمات درج کر کے ملزمان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔



