ڈی آر سی سے عوام کو سستی اور فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوئی ہیں، میر رضا اوزگن، طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی مشترکہ صدارت میں تنازعات حل کمیٹی کا ایک اہم، کامیاب اور نتیجہ خیز اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران درجنوں عوامی تنازعات کو موقع پر قانون کے مطابق حل کیا گیا۔

اجلاس کا بنیادی مقصد چھوٹے تنازعات کو مقامی سطح پر فوری نمٹانا تھا تاکہ شہری تھانوں اور عدالتوں کے چکروں سے بچ سکیں اور انہیں بروقت انصاف میسر آ سکے۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تمام کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کی اور موقع پر فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں ڈی آر سی کے نظام، کارکردگی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی کا مقصد عوامی مسائل کو فوری، منصفانہ اور کم خرچ طریقے سے حل کرنا ہے۔ چھوٹے تنازعات عدالتوں تک پہنچنے سے پہلے ہی نمٹا دیے جاتے ہیں، جس سے عوام کو سہولت اور عدلیہ کے بوجھ میں کمی آتی ہے۔

مزید برآں شہریوں میں DRC کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ کمیٹی نہ صرف عوامی تنازعات کو جلد اور منصفانہ طور پر حل کرتی ہے بلکہ تھانوں اور عدالتوں پر پڑنے والے بوجھ کو بھی نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔ پولیس کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینا اور ان کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔

شرکاء نے DRC کے فعال کردار اور فوری فیصلوں کے نظام کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حکومتِ پنجاب کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی کہ عوامی خدمت اور تنازعات کے فوری حل کے لیے اس پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button