جہلم میں سیمنٹ بحران، تعمیراتی سرگرمیاں رک گئیں، مزدور روزگار سے محروم

11
جہلم شہر اور گردونواح میں سیمنٹ کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث اندرون شہر سمیت قریبی علاقوں کی تمام سیمنٹ ایجنسیوں پر سیمنٹ بالکل ناپید ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیمنٹ فیکٹریوں میں دھوئیں کے مسائل اور ٹرانسپورٹ کی مسلسل رکاوٹوں کے باعث سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کا براہِ راست اثر تعمیراتی سرگرمیوں پر پڑ رہا ہے۔
سیمنٹ کی عدم دستیابی کے سبب متعدد تعمیراتی منصوبے اور سائٹس بند ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں سینکڑوں مزدور روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔ مزدور اپنے گھروں کے چولہوں کی آگ بجھنے اور معاشی مشکلات میں اضافہ ہونے پر شدید پریشان ہیں۔
مزدور رہنماؤں نے حکام سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ سیمنٹ کی فوری اور باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ مقامی تعمیراتی اداروں نے بھی حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ فوری اقدامات کے ذریعے سپلائی چین کو مستحکم کیا جائے تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ معمول کے مطابق جاری رہ سکیں۔
متاثرہ شہریوں اور مزدوروں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف روزگار متاثر ہوگا بلکہ مقامی تعمیراتی شعبہ بھی شدید نقصان اٹھائے گا، جو ضلع کی ترقی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔



