پولیو کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی

1
جہلم: صوبہ پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کے تحت، مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں تین روزہ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر کے شروع کر دیا۔
اس موقع پر مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور والدین کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے صحت ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر یہ یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطرے سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ تین روزہ مہم 15 دسمبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گی اور ضلع بھر میں 2 لاکھ 28 ہزار 9 سو 8 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ضلع کی تمام 56 یونین کونسلز میں جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہم کے دوران کل 1,094 موبائل ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں، اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو دور دراز علاقوں، داخلی و خارجی راستوں پر بھی تعینات ہوں گی تاکہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا کہ وہ بچوں کو مہم کے دوران مکمل تعاون فراہم کریں اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی سے پولیو کے خاتمے کے قومی مقصد کو نقصان نہ پہنچے۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور صحت ٹیموں کے اہلکار بھی موجود تھے جو مہم کی کامیاب انجام دہی کے لیے سرگرم عمل رہیں گے۔



