واسا کی نئی سکیموں کو جلد شروع کر کے شہریوں کے مسائل حل کریں گے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

20
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واسا اتھارٹی کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا کی تمام نئی ترقیاتی سکیموں پر فوری کام کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا جلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تعمیراتی مٹیریل کی کوالٹی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جاری اور نئی سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا لازمی ہے تاکہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں اور کسی بھی منصوبے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہ کی جائے۔
میر رضا اوزگن نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں تاکہ شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ شہریوں کی سہولت اور معیار زندگی میں بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر باقاعدہ نگرانی کی جائے اور ہر قدم پر شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔



