وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان معاشی، سفارتی، دفاعی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان معاشی، سفارتی، دفاعی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ،ممتاز عالمی جریدے پاکستان کی کامیابیوں کی گواہی دے رہے ہیں۔

بانی پاکستان کے یوم ولادت ،مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف کی سالگرہ اور کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان معاشی، سفارتی، دفاعی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ،2025ء ہر محاذ پر پاکستان کی کامیابیوں کا سال رہا ہے، پاکستان نے عالمی سطح پر ممتاز مقام حاصل کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی جریدہ آج پاکستان کی عالمی منظر نامے پر کامیابیوں کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے، دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کی اہمیت ہے، عالمی سفارتی کاری میں اس کا کردار مرکزیت کا حامل بن چکا ہے ۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان کو ملنے والی عزت سے ہر پاکستانی کی عزت بڑھی ہے ، تین سال پہلے ایک شخص نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کر دیا تھا، سائفر لہرا کر امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تباہ کئے ۔

انہوں نے کہا کہ مئی میں بھارت نے اس خیال سے جنگ مسلط کی کہ پاکستان کمزور ہوگا لیکن پاکستان طاقتور بن کر ابھرا اور بھارت کو تاریخی شکست دی جس سے بھارت کمزور ہوا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کے عسکری غرور کا بت پاش پاش کر دیا ،جنہیں شک تھا کہ 7گنا بڑے دشمن سے لڑ نہیں سکتے، معرکہ حق سے یہ شک دور کر دیا ۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس منصوبے کے لیے فنڈز دینے، پانچ میں سے ایک سیکشن مکمل ہوگیا، چھ ماہ میں بقیہ 4سیکشن مکمل ہو جائیں گے ،جہلم میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح پیر کو ہوگا، ڈی ایچ کیو جہلم میں امراض قلب کے علاج کیلئے جدید کیتھ لیب کا افتتاح بھی جلد ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button