جہلم میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے سرکاری دفاتر کے دفتری امور بری طرح متاثر کر دیے

12
جہلم: آئیسکو اربن سب ڈویژن جہلم کے کچہری فیڈر پر اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ کئی ہفتوں سے تواتر کے ساتھ جاری ہے، جس کے باعث ضلع جہلم کے اہم سرکاری اداروں میں کام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
بجلی کی بار بار بندش کے سبب ضلع کچہری، سیشن و سول کورٹس، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس، ضلعی دفتر محکمہ تعلیم، لائیو سٹاک، محکمہ زراعت، ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ جیل سمیت دیگر سرکاری محکموں میں دفتری امور مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ جاتے ہیں۔
آئیسکو اربن سب ڈویژن کی جانب سے لائنوں کی مرمت اور درختوں کی کٹائی کے نام پر ہر دوسرے روز صبح 9 بجے سے سہ پہر 2 بجے تک بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ اس دوران کسی قسم کی پیشگی اطلاع نہ ہونے کے باعث نہ صرف دفتری امور متاثر ہوتے ہیں بلکہ ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کے دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سائلین کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کمپیوٹرائزڈ نظام معطل ہو جاتا ہے، مقدمات کی سماعت مؤخر ہوتی ہے اور دیگر سرکاری کام مکمل نہیں ہو پاتے، جس سے عوام کا قیمتی وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر مرمتی کام ناگزیر ہیں تو انہیں دفتری اوقات کے بعد یا چھٹی کے دنوں میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام اور سرکاری ملازمین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عوامی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان سے بھی اپیل کی ہے کہ اس سنگین مسئلے کا حل نکال کر سرکاری دفاتر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں اور دفتری امور بروقت انجام پائیں۔



