ریسکیو 1122 جہلم کی کارکردگی رپورٹ جاری، سال 2025 میں 32 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا

33
جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 32,012 افراد کو ایمرجنسی کی مختلف صورتوں میں بروقت ریسکیو کر کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم کے مطابق یہ کارکردگی ادارے کے بلند حوصلے، تربیت یافتہ عملے اور بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے۔
سال 2025 میں ضلع جہلم میں ریسکیو 1122 کو 4,397 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 5,268 افراد متاثر ہوئے اور 68 افراد جاں بحق ہوئے۔ متاثرین میں زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی رہی، جبکہ 5,268 مرد اور 1,145 خواتین حادثات کا شکار ہوئیں۔ ریسکیو ٹیم نے فوری رسپانس دیتے ہوئے اوسط 8 اعشاریہ 4 منٹ میں امداد فراہم کی۔
اسی سال ضلع جہلم میں 392 آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، جن میں ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 314 ملین مالیت کے املاک کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا۔ نالہ بنہاں اور بالہ گہان میں آنے والے سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 نے مجموعی طور پر 395 افراد کو بروقت ریسکیو کیا اور 1,538 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
کنٹرول روم کو سال 2025 میں مجموعی طور پر 122,595 فون کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 29,886 ایمرجنسی کی کالز تھیں۔ ان میں 4,397 روڈ ٹریفک ایکسیڈینٹ، 20,746 میڈیکل ایمرجنسی، 392 فائر ایمرجنسی، 357 کرائم کیس، 25 ڈوبنے کے واقعات، 14 عمارتیں گرنے کے واقعات اور 3,955 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔ علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت 1,076 مریضوں کو جہلم سے راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
انچارج ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے جوان ہر وقت کسی بھی ایمرجنسی یا سانحے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات جاری رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ غیر ضروری کالز سے گریز کریں تاکہ کسی مستحق شخص کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے بلند عمارتوں کا سروے کیا گیا اور مالکان کو سیفٹی قوانین پر عمل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں، اسکولوں، کالجز اور یونین کونسلز کی سطح پر فرسٹ ایڈ اور کیڈرے کی تربیت دی گئی، جس میں شہریوں کو حادثات سے آگاہی، ابتدائی طبی امداد، اور دیگر میڈیکل ہنگامی حالات سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔ علاوہ ازیں قدرتی آفات اور دیگر غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقیں بھی منعقد کی گئیں۔
بانی و سیکریٹری ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز، نشان امتیاز) کی ہدایات کے مطابق سال 2026 کو ریسکیو 1122 جہلم میں "سیفٹی کا سال” قرار دیا گیا ہے، تاکہ محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوام کو بہترین اور بروقت ریسکیو خدمات فراہم کی جا سکیں۔



