دینہ میں تحصیلدار کا گراں فروشوں کے خلاف ایکشن، متعدد دوکانداروں کو جرمانے اور وارننگز جاری

17
دینہ: تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی حیثیت سے گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مختلف بازاروں کے اچانک دورے کیے۔ اس دوران سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں کو جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بعض دکانداروں کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔
تحصیلدار دینہ نے سبزی، فروٹ، کریانہ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کا معائنہ کیا اور دکانداروں کو پابند کیا کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں رکھے جائیں اور مقررہ نرخوں پر ہی اشیاء فروخت کی جائیں۔ معائنے کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تحصیلدار شمشیر حیدر رانجھا کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور گراں فروشی و ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی ایسے اچانک معائنے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو مہنگائی سے حقیقی ریلیف مل سکے۔



