جہلم میں پتنگ بازی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، 3 افراد گرفتار، پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد

جہلم میں پتنگ بازی کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کی روک تھام کے سلسلے میں جہلم پولیس کی جانب سے جاری خصوصی مہم کے دوران تھانہ سٹی پولیس نے مختلف علاقوں میں چھتوں پر سرچنگ کرتے ہوئے پتنگیں اور خونی ڈوریں قبضہ میں رکھنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان غیر قانونی طور پر پتنگیں اور خونی ڈوریں اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھے جو کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عائد پابندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تھانہ سٹی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ برآمد شدہ سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔
دریں اثنا ایس ایچ او تھانہ سٹی نے ایک اور اہم کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر پتنگیں رکھنے والے ایک مزید ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی میں ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں پتنگیں اور متعدد خونی ڈوریں برآمد کی گئیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق نئے قانون کے تحت غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، سپلائی کرنے یا قبضہ میں رکھنے پر بھاری جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ پتنگ فروشی اور پتنگ بازی ایک خطرناک اور خونی کھیل ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



