جدید تعلیم کی جانب قدم؛ جہلم میں اساتذہ کے لیے آئی ٹی اور اے آئی کلاسز کا انعقاد

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع جہلم میں غیر رسمی اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے ڈیجیٹل لٹریسی اور آرٹیفشل انٹیلیجنس (AI) کی کلاسز شیڈول کے مطابق باقاعدگی سے جاری ہیں۔
یہ تربیتی سیشنز آئی ٹی ایکسپرٹ سید علی عباس زیدی اور ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم کی زیر نگرانی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں اساتذہ کو بطور ماسٹر ٹرینر تربیت دی جا رہی ہے، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات مؤثر انداز میں طلبہ تک منتقل کر سکیں۔ ان سیشنز کا بنیادی مقصد اساتذہ کی ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں طلبہ کو آرٹیفشل انٹیلیجنس، جدید سافٹ ویئرز اور ڈیجیٹل ٹولز سے ہم آہنگ کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر شروع کیا گیا یہ اقدام ضلع جہلم میں تعلیمی معیار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی اور مسابقت کے لیے ڈیجیٹل لٹریسی ناگزیر ہو چکی ہے، اور اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت ہی آنے والی نسل کو عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔



