دینہ میں ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

دینہ: پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے ایک مقدمہ میں ملوث تین ملزمان کو قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں سرمد ملک ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی بنیادوں پر ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ روپے نقدی، واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ پستول 30 بور بمعہ ایمونیشن اور ڈکیتی میں استعمال ہونے والی کار برآمد کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان مذکورہ ڈکیتی کی واردات میں براہِ راست ملوث تھے اور ان کی گرفتاری سے مزید جرائم کی روک تھام ممکن بنائی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button