دینہ میں تحریک منہاج القرآن ضلع جہلم کے زیر اہتمام سفیر امن کانفرنس کا انعقاد

دینہ: تحریک منہاج القرآن ضلع جہلم کے زیر اہتمام سفیر امن کانفرنس القادری ہاؤس دینہ رہائش گاہ قاری محمد بلال قادری میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا انعقاد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمگیر امن خدمات، علمی مساعی اور انسانیت کے لیے گراں قدر کاوشوں کے اعتراف میں ان کے ماہ ولادت کے موقع پر کیا گیا۔

کانفرنس میں ڈاکٹر انجینئر محمد رفیق نجم، سید محمود الحسن جعفری اور پروفیسر شاہد بشیر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جن کا شرکاء نے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کی صدارت ضلعی صدر تحریکِ منہاجُ القرآن جہلم پروفیسر مبشر چوہدری نے کی۔

مہمانانِ خصوصی اور دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی سطح پر امن کے فروغ، انتہاپسندی کے فکری رد، بین المذاہب ہم آہنگی اور علمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام کی فکری جدوجہد آج کے پُرآشوب دور میں امن، برداشت اور اعتدال کا مضبوط پیغام ہے۔

کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر نعیم انور نعمانی (گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور)، علامہ محمد عارف، سید وقاص شاہ، حبیب احمد قادری، چوہدری محمد ریاض، طارق محمود چوہدری، شاہ زیب چوہدری، حسن یعقوب چوہدری، حاجی غلام جیلانی، علامہ شبیر طاہر اور علامہ عرفان اصغر سمیت تحریک کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔

پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر پروفیسر مبشر چوہدری کی جانب سے بہترین کارکردگی 2025 کے اعتراف میں علامہ محمد عارف، اقتدار اعجاز چوہدری، ڈاکٹر حامد بلال، سید وقاص شاہ اور راجہ احمد نواز کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

شرکاء نے سفیرِ امن کانفرنس کو فکری، روحانی اور تنظیمی اعتبار سے نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات معاشرے میں امن، اتحاد اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آخر میں تمام شرکاء نے صدر تحریک قاری محمد بلال قادری اور ڈاکٹر حامد بلال کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button