دینہ میں لوڈر رکشہ گہری کھائی میں جا گرا، 40 سالہ ڈرائیور موقع پر جاں بحق

دینہ کے نواحی علاقے میں لوڈر رکشہ گہری کھائی میں جا گرا، 40 سالہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں قلعہ روہتاس کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں لوڈر رکشہ بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 40 سالہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
دینہ کی طرف سے ایک لوڈر رکشہ سامان لینے کے لیے جا رہا تھا کہ قلعہ روہتاس کے قریب رکشہ اچانک ڈرائیور کے قابو سے نکل کر گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ لوڈر رکشہ ڈرائیور مہر محمد عمر ولد شفاعت علی سکنہ ہڈالی دینہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور مقامی افراد نے مشترکہ کوششوں سے کافی جدوجہد کے بعد ڈرائیور کی ڈیڈ باڈی کو کھائی سے باہر نکالا۔ حادثے کی خبر جیسے ہی گھر پہنچی، اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور علاقے میں کہرام مچ گیا۔
مرحوم مہر محمد عمر ایک بیٹی کے باپ تھے اور اہلِ علاقہ کے مطابق وہ نہایت ملنسار، خوش اخلاق اور اچھی شخصیت کے مالک تھے۔ ان کی اچانک وفات پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ اہلِ علاقہ نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔



