وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے جہلم میں ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ضلع جہلم کی تعمیر و ترقی کے لیے اربوں روپے کے تاریخی منصوبوں پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون سے ضلع میں ترقی کا ایک نیا دور شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت “ستھرا پنجاب” مہم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے۔ ضلع جہلم میں صفائی، سیوریج، سڑکوں اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی اور دیرپا ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے واسا کے 8 ارب روپے کے میگا پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ضلع بھر میں سیوریج کے نظام کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق مجموعی طور پر 63 کلومیٹر طویل نیٹ ورک پر کام کیا جائے گا، جس میں 11 کلومیٹر پرانی سیوریج لائن کی مرمت و بحالی جبکہ 61 کلومیٹر نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔
وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ نکاسی آب کے نظام کو فول پروف بنانے کے لیے شہر بھر میں 2500 نئے مین ہولز تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ پانی کے بہتر اور تیز اخراج کے لیے 3 جدید ڈسپوزل اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے مستقل نجات مل سکے۔
للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر بات کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلع جہلم کی معاشی تقدیر بدلنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی رفتار تیز کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وہ خود ان تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوامی فنڈز کی شفافیت اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیر مملکت نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے تفصیلی جوابات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کو حقیقی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری صحافت عوامی مسائل کی نشاندہی کے ذریعے ترقیاتی عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔



