اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانیں سیل، جرمانے عائد

سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے پیرا فورس ٹیم کے ہمراہ ڈومیلی، رسولپور، گتر اور بڑا گواہ کے علاقوں میں اچانک دورے کرتے ہوئے ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ کارروائی کے دوران وجاہت کیانی پٹواری بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
جب انتظامی ٹیم مارکیٹوں میں پہنچی تو متعدد دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں نہیں تھے جبکہ اشیائے خوردونوش مقررہ قیمتوں سے زائد فروخت کی جا رہی تھیں۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے واضح وارننگ دی گئی کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ناجائز منافع خوروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر کہیں بھی مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کی جائے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں۔
بعد ازاں اے سی سوہاوہ نے گتر پٹرول پمپ اور بڑا گواہ کے علاقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں پٹرول پمپ پر پیمانے اور نرخ چیک کیے گئے جو تسلی بخش پائے گئے۔ شہریوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے ایسی مہمات تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔



