نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے جہلم پولیس کی کمان سنبھال لی

جہلم: نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے باضابطہ طور پر جہلم پولیس کی کمان سنبھال لی۔ ڈی پی او آفس جہلم پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹیگیشن، ڈی ایس پی انویسٹیگیشن، انچارج برانچز ڈی پی او آفس اور انچارج سیف سٹی اتھارٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈی پی او جہلم نے پولیس لائنز جہلم کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کوت، محرر دفتر، میس، ڈے کیئر سینٹر، آفیسر میس، بیرکس، لیڈی ہوسٹل، ایم ٹی سیکشن اور دیگر انتظامی شعبوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے پولیس لائنز میں سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس لائنز میں دستیاب سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ جوانوں کو بہتر اور سازگار ماحول میسر آ سکے اور وہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دے سکیں۔
ڈی پی او جہلم نے دفتری اسٹاف اور فیلڈ میں کام کرنے والے افسران و ملازمان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کام میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی پولیس کا بنیادی مشن ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم میں کمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام پولیس افسران اور اہلکار سائلین سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں، جبکہ خواتین اور بچوں کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح رہے گا۔



