گولپور میں پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے 3 کروڑ روپے کی اسکیم منظور، عید کے بعد کام شروع ہوگا

پنڈدادنخان کے گاؤں گولپور میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کیلئے 3 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس پر عیدالفطر کے بعد عملی کام شروع کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گاؤں گولپور میں واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کے منصوبے کیلئے 3 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل کی مدت تین ماہ مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے پر عملدرآمد محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جہلم کی نگرانی میں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کیلئے فنڈز ڈسٹرکٹ کونسل جہلم کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے جبکہ تخمینوں اور ریٹس کی درستگی کی ذمہ داری متعلقہ مجاز اتھارٹی پر عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد گولپور اور گردونواح کے علاقوں کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔ منصوبے پر عیدالفطر کے بعد کام شروع کر دیا جائے گا اور تین ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مقامی شہریوں نے اس منصوبے کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے میں پینے کے پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔



