پنڈدادنخان کا بہادر سپوت ایف سی کا جوان مادر وطن پر قربان، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

پنڈدادنخان کے علاقے کندوال کے رہائشی ایف سی بلوچستان کے لانس نائیک عنصر عباس فرض کی ادائیگی کے دوران کوئٹہ میں جام شہادت نوش کر گئے۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع دکی کی تحصیل لونی کے علاقے کلی بختیار لونی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول دھماکے سے نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک عنصر عباس سمیت پانچ ایف سی اہلکار شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق شہید اہلکار پوست کی کاشت کے خلاف جاری آپریشن مکمل کر کے دکی واپس آ رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

شہید لانس نائیک عنصر عباس گزشتہ 17 سال سے وطن کی خدمت سرانجام دے رہے تھے اور اپنی ملازمت کی تکمیل کے قریب تھے۔ ان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کندوال میں ادا کی گئی جس میں شہریوں، رشتہ داروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا جبکہ عسکری دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

شہید عنصر عباس تین بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے بڑے تھے اور اپنے پیچھے بیوہ اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ اہل علاقہ نے شہید کی قربانی کو وطن کے لیے عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button