پنجاب میں درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد کر دی گئی

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جہلم سمیت صوبہ بھر میں درخت کاٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی کے پہلے بورڈ اجلاس میں کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 21 ایجنسیز کے ایم ڈیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی درخت کو کاٹنے سے قبل پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی سے پیشگی منظوری لینا لازمی ہوگی۔
اجلاس کے دوران درختوں کے تحفظ کے لیے مختلف اہم اقدامات کی منظوری بھی دی گئی، جن میں ایک خصوصی ایپ کی تیاری شامل ہے جس کے ذریعے ہر درخت کی جیو ٹیگنگ اور مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ درختوں کی کٹائی پر مؤثر کنٹرول رکھا جا سکے۔
مزید برآں نئے لگائے گئے پودوں کی کم از کم تین سال تک نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک درخت کاٹنے کی صورت میں متبادل کے طور پر مزید پودے لگانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) نے ہدایت کی ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شجرکاری کا تحفظ اولین ترجیح بنایا جائے اور اس سلسلے میں جاری ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ پبلک پارکس اور گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے خصوصی کمیٹیاں بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ ماحولیات کے تحفظ کو مؤثر بنایا جا سکے۔



