الرہبر الامہ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام ڈومیلی میں فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ

سوہاوہ: الرہبر الامہ ویلفیئر ٹرسٹ اسلام آباد کے زیرِ اہتمام ڈومیلی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں 300 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا جبکہ ضرورت کے مطابق انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد شیخ محمد عرفان، شیخ عمر فاروق، سیٹھی محمد اویس اور شیخ انیس احمد کی زیرِ نگرانی کیا گیا۔ کیمپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 55 سے زائد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے خدمات انجام دیں۔
کیمپ میں ڈاکٹر شفقت، ڈاکٹر نعیمہ، ڈاکٹر ماہ نور، ڈاکٹر ذورنیش اور ڈاکٹر وصی سمیت دیگر طبی ماہرین نے مریضوں کا معائنہ کیا۔ کیمپ کی مینجمنٹ کی ذمہ داری میڈیکل کیمپ مینیجر ذونیشہ عرفان ڈومیلی نے انجام دی۔
کیمپ کے دوران مریضوں کو جنرل میڈیکل چیک اپ، شوگر ٹیسٹ، بلڈ پریشر، آنکھوں کا معائنہ سمیت دیگر طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مختلف بیماریوں اور طبی مسائل میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کرکے انہیں ضروری طبی مشورے اور ادویات فراہم کی گئیں۔
کیمپ کے اختتام پر تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے صدر شیخ انیس احمد، شیخ اویس سمیت دیگر شخصیات کو فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد اور خدمات میں تعاون کے اعتراف میں شیلڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ ایسے فری میڈیکل کیمپس کا مقصد بالخصوص دور دراز علاقوں کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا اور مستحق افراد کو مفت علاج و ادویات کی سہولت فراہم کرنا ہے۔



