سوہاوہ میں ہائی ایس اور موٹرسائیکل میں تصادم، ایک طالب علم جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

سوہاوہ کے نواحی علاقے میں ہائی ایس اور موٹرسائیکل کے درمیان خوفناک تصادم سے ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں پیش آیا، جہاں بڑاگواہ کےقریب تلیکہ کے مقام پر تیز رفتار ٹیوٹا ہائی ایس اور موٹرسائیکل کے مابین تصادم سے 18 سالہ فرسٹ ایئر کا طالب علم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 17 سالہ دسویں جماعت کا طالب علم شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم ، پولیس اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور دونوں نوجوانوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کی موت کی تصدیق کر دی جبکہ شدید زخمی نوجوان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت حامد ولد قربان حسین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی طالب علم کی شناخت ارمان ولد لال خان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نوجوان بڑاگواہ کے گاؤں سمولس کے رہائشی ہیں۔
تھانہ ڈومیلی پولیس نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور گاڑی اور موٹر سائیکل کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔



