دینہ میں معمولی رنجش پر رکشہ ڈرائیور اور محلے دار میں جھگڑا ، فائرنگ سے چچا اور بھتیجا قتل، رکشہ ڈرائیور زخمی

دینہ میں معمولی رنجش پر رکشہ ڈرائیور اور محلے دار کے درمیان جھگڑا، فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقے ڈھوک چھمالہ نزد بوہڑیاں میں پیش آیا، جہاں معمولی رنجش پر ہونے والا جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، محلے دار کی فائرنگ کے نتیجے میں چچا اور بھتیجا جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق رکشہ ڈرائیور گوہر بلال اپنے بھائی اور چچا کے ہمراہ کھیتوں میں موجود تھا کہ ملزم عامر نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گوہر بلال کا بھائی عبداللہ میر ولد افتخار اور 55 سالہ چچا رخسار میر ولد زمان موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ گوہر بلال شدید زخمی ہو گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی نعشیں اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دیا، جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ دو روز قبل بچوں کے درمیان ہونے والی لڑائی پر ملزم عامر اور گوہر بلال کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کی رنجش پر ملزم نے موقع پا کر فائرنگ کی۔

واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button